بلوچستان میں سیلاب زدگان کے ریلیف آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید افسران کی نماز جنازہ ملیر گیریژن میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ کے بعد شہدا کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔

گزشتہ روز ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف کا تعلق راولا کوٹ آزاد کشمیر سے تھا۔

میجر جنرل امجد حنیف نے 1994 میں آزاد کشمیر رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، شہید نے بیوہ، ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

شہید کمانڈر انجینیئر 12 کور بریگیڈیئر محمد خالد کا تعلق فیصل آباد سے تھا، بریگیڈیئر محمد خالد نے 1994 میں 20 انجینئیر بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، شہید نے بیوہ، تین بیٹیوں اور تین بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

شہید پائلٹ میجر سعید کا تعلق لاڑکانہ سے ہے، انھوں نے بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان نے بیوہ اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

شہید کریو چیف نائیک مدثر فیاض کا تعلق نارووال سے ہے، انھوں نے بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔

دوسری جانب ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید کور کمانڈر کوئٹہ کے لسبیلہ پہنچنے کے یادگار آخری مناظر سامنے آگئے ہیں۔

کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ہیلی کاپٹر میں کراچی روانہ ہونے سے پہلے لوگوں سے ملتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ہم وطنوں کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے اہل کاروں کو پوری قوم نے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *