[ad_1]

ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے طلبی کیخلاف مراد راس کی لاہور ہائی کورٹ میں اپیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر مراد راس نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں طلبی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔

ڈاکٹر مراد راس نے سنگل بینچ کی جانب سے ایف آئی اے طلبی کے خلاف پٹیشن خارج کرنے کے خلاف اپیل دائر کی۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپیل میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کو فریق بنایا ہے۔

انہوں نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کا 24 اگست کو پٹیشن خارج کرنے کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں تھا۔

مراد راس نے اپیل میں موقف اپنایا کہ موجودہ حکمران ایف آئی اے کے ذریعے سیاسی مخالفین کو ہراساں کر رہے ہیں۔

ان کا اپیل میں موقف ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپیل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے بعد وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اُسی فیصلے کی روشنی میں ایکشن لینے کا اعلان کیا۔

مراد راس نے موقف اختیار کیا کہ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو اکاؤنٹس پر تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے فی الحال معاملہ ایف آئی اے کو نہیں بھیجا ہے۔

اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی ارکان کو نشانہ بنانے کے لیے 20 اگست کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپیل میں استدعا کی کہ لاہور ہائی کورٹ طلبی کا نوٹس اور انکوائری کو کالعدم قرار دے اور دیگر نفاذ قانون کی ایجنسیز کو کارروائی سے روکے۔

مراد راس نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت عالیہ حتمی فیصلے تک طلبی کے ایف آئی اے نوٹس پر حکم امتناع جاری کرے۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *