[ad_1]
کراچی میں ناگن چورنگی کے قریب بااثر افراد نے اپنے رینٹ اے کار کے دفتر میں ایک شخص کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر بند کردیا جہاں پر متاثرہ شخص جاں بحق ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، مزید ملزمان کی تلاش جاری ہے، مقتول اور ملزمان کے درمیان ابتدائی طور لین دین کا تنازع سامنے آیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں کچھ لوگ ایک شخص پر تشدد کررہے ہیں، ملزمان متاثرہ شخص پر ڈنڈے، کیل لگے ڈنڈے اور بیلٹ سے تشدد کررہے ہیں، ملزمان نے متاثرہ شخص کو برہنہ کرکے بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کو اطلاع ملی تو پولیس نے ناگن چورنگی کے قریب رینٹ اے کار کے دفتر سے متاثرہ شخص کو بازیاب کرانے کے لیے چھاپہ مارا، دفتر سے اس کی لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عدیل کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایچ او سرسید پولیس اسٹیشن شاہد تاج نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کا مقتول سے لین دین کا تنازع لگتا ہے۔
مقتول عدیل پر تشدد کے بعد وہ اسے دفتر میں بند کرکے چلے گئے جہاں وہ دم توڑ گیا، مقتول پر تشدد کرنے والے کسی ملزم کی کسی سیاسی شخصیت سے تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی۔
پولیس نے مقتول کے گھر والوں کو اطلاع کردی ہے، لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
[ad_2]