[ad_1]

حافظ نعیم الرحمٰن—فائل فوٹو
حافظ نعیم الرحمٰن—فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مردم شماری میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج شارعِ فیصل پر مظاہرہ ہو گا، ایک بار پھر اہلِ کراچی سے گزارش ہے کہ اس ’فراڈ ڈیجیٹل مردم شماری نامنظور مارچ‘ میں لازمی تشریف لائیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جہاں خانہ شماری ہو گئی وہاں اب تک مردم شماری کا عملہ نہیں پہنچا، مردم شماری کے ٹی او آر میں لکھا ہے کہ جو جہاں ہے وہاں گنا جائے گا، ملک بھر میں جو جہاں ہے وہاں گنا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی کی آدھی آبادی کو نہیں گنا گیا، کچھ لوگ اس معاملے کو لسانی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، کراچی میں ہر زبان اور مسلک کا شخص ہمارے لیے قابلِ احترام ہے، مردم شماری میں کراچی سے زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ صرف پیسے اور ٹیکس جمع کرنے کے لیے کراچی نہیں ہے، کراچی کے شہری حق رکھتے ہیں کہ انہیں گنا بھی جائے، حکومت کی جانب سے مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو صحیح نہیں گنا جا رہا، کراچی کی آبادی کو صحیح گنوانے کے لیے آج احتجاج کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی آبادی پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے، ہماری گنتی پوری کرو، کراچی میں رہنے والے ہر شخص کو یہاں گنا جائے، یہاں رہنے والے سندھیوں کو بھی گنا جائے، یہاں پختون بڑی تعداد میں رہتے ہیں، پنجابی، بلوچ و دیگر قومیں بھی یہاں رہتی ہیں، انہیں بھی شمار کیا جائے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ ہر اس شخص کو یہاں گنا جائے جو یہاں رہتا ہے، یہاں کاروبار کرتا ہے، ہمارا مقصد ہے کہ کراچی والوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے، آج کا احتجاج کراچی کے شہریوں کے حقوق کے لیے ہے۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *