[ad_1]

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سندھ کے 15 اضلاع میں مختلف وجوہات پر روکی گئی پولنگ کا آغاز ہو گیا۔

سندھ کے 15 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے 90 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہو رہی ہے۔

ضلع جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیر پور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، حیدر آباد، جامشورو اور بدین میں مختلف کونسلز کی کیٹگریز چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، جنرل ممبرز کی نشستوں پر دوبارہ پولنگ جاری ہے۔

خیرپور: وارڈ 5 کے پولنگ اسٹیشن 7 میں پولنگ تاخیر شکار

خیرپور میں 2 ٹاؤن کمیٹیوں اور ایک یونین کونسل کے ایک ایک وارڈ میں آج دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں۔

یونین کونسل کنڈیاری کے وارڈ نمبر 4 میں پولنگ ہو رہی ہے جبکہ ٹاؤن کمیٹی کوٹ ڈیجی وارڈ 5 کے پولنگ اسٹیشن7 میں پولنگ تاخیر شکار ہوئی۔

آر او دریا خان چانڈیو نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر پولنگ 8:30 پر شروع ہوئی۔

خیرپور میں تینوں وارڈز پر بلدیاتی انتخابات میں ہنگامہ آرائی اور بیلٹ بکس اٹھائے جانے کے واقعات ہوئے تھے۔

حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی 2 یوسیز پر پولنگ جاری

حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی 2 یوسیز کے 2 پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔

حیدرآباد کی یوسی 35 اور 28 کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے، یوسی 35 کے وارڈ 3 اور یوسی 28 کے وارڈ 1 پر جنرل ممبرز کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔

یونین کمیٹی28 پر 7، یونین کمیٹی 35 پر 10 پینلز چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے مدمقابل ہیں۔

پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، اور تحریک لبیک کے امیدواروں میں مقابلے کی توقع ہے۔

حیدرآباد میں 15 جنوری کو دونوں پولنگ اسٹیشنز پر جھگڑے کے بعد نتائج روک لیے گئے تھے۔

سانگھڑ کی 2 یونین کونسلز پر انتخابات

سانگھڑ میں بھی بلدیاتی الیکشن میں جھگڑے کے باعث ملتوی ہونے والی 2 یونین کونسلز پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

سانگھڑ کی تحصیل شہدادپور کی یونین کونسل 63 اصغر آباد اور یونین کونسل 64 سومر فقیر ہنگورو میں پولنگ ہو رہی ہے۔

ووٹنگ کے لیے7 پولنگ اسٹیشن پر 14 مرد 13 خواتین کے پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، دونوں یونین کونسلوں میں 9831 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں یونین کونسلوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، پولنگ کے عمل کو پرامن بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں، پیپلز پارٹی،جی ڈی اے سمیت 29 امیدوار میدان میں ہیں۔

سانگھڑ میں پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کےحامیوں میں جھگڑے کے باعث الیکشن ملتوی ہوئے تھے۔

سکھر میں یوسی 25 پنہوار میں پولنگ جاری 

سکھر میں یوسی 25 پنہوار میں آج دوبارہ بلدیاتی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

سکھر میں یوسی 25 پنہوار میں سیاسی جماعتوں میں کشیدگی کے باعث انتخابات ملتوی کیے گئے تھے۔

لاڑکانہ کے ایک وارڈ میں دوبارہ انتخاب ہو رہا ہے

لاڑکانہ میں یونین کمیٹی ڈوکری کے وارڈ نمبر 2 میں پولنگ ہو رہی ہے۔

وارڈ نمبر 2 میں بیلٹ پیپر پر امیدوار کے غلط نشان شائع ہونے پر الیکشن ملتوی ہوئے تھے۔

نوابشاہ: یونین کمیٹی 6 سے MQM کے امیدوار دستبردار

نوابشاہ میں میونسپل کمیٹی، یونین کمیٹی اور یونین کونسل سمیت 4 حلقوں میں انتخاب آج ہو رہا ہے۔

ریجنل الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ چیئرمین، وائس چیئرمین، جنرل کونسلر کے انتخاب کی لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔

نوابشاہ میں یونین کمیٹی 6 سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے چیئرمین کے امیدوار یعقوب آرائیں دستبردار ہو گئے۔

ایم کیو ایم امیدوار محمد یعقوب نے کہا ہے کہ خراب طبعیت کی وجہ سے انتخابات سے دستبردار ہو رہا ہوں۔

ریجنل الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 32 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، 44 ہزار 449 رجسٹرڈ ووٹرز ووٹ کاسٹ کریں گے۔

نوابشاہ میں بیلٹ پیپر پر انتخابی نشان نہ چھپنے، جھگڑےاور امیدوار کے انتقال پر انتخابات ملتوی ہوئے تھے۔

کندھ کوٹ اور جیکب آباد کی 3 یونین کونسل پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

کندھ کوٹ میں یوسی 28 ددڑ کے 3 پولنگ اسٹیشن کے عملہ کو اغواء کیا گیا تھا جس وجہ سے الیکشن ملتوی ہوئے تھے۔

جیکب آباد میں یونین کونسل 23 کوٹ جنگو اور یوسی 29 کریم آباد پر میں انتخاب ہو رہا ہے، دونوں یونین کونسل پر مجموعی تعداد 4386 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

بدین کی یونین کونسل 49 چاکر پنھور پر پولنگ شروع ہو گئی ہے۔

یوسی 49 پر پولنگ جھگڑے کے باعث ملتوی کی گئی تھی۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *