پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں، کارکنوں میں ڈنڈا بردار بھی شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے کیمپ دوبارہ سے لگانے شروع کردیے جبکہ عمران خان کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازے کے سامنے  چادریں بھی لگا دی گئیں۔

پولیس نے گزشتہ روز آپریشن کے دوران کرین کے ذریعے مین گیٹ توڑ دیا تھا۔

دوسری جانب زمان پارک لاہور میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کے معاملے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر حملے کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ دہشت گردی، اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس ٹیم دہشت گردی عدالت سے جاری سرچ وارنٹ لے کر زمان پارک گئی، بات چیت شروع کرتے ہی 300 نامعلوم کارکنوں نے حملہ کردیا، کارکنوں کو پیٹرول بم پھینکنے کی کوشش کے دوران قابو کیا۔

تلاشی کے دوران زمان پارک سے رائفلیں برآمد ہوئیں، کارکنوں نے سینئر قیادت کی ایماء پر پولیس پر حملہ کیا۔

دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے زمان پارک پولیس آپریشن میں گرفتار 102 ملزمان کا ریمانڈ منظور کر لیا۔

ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ غلام رسول نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے 102 ملزمان کو 1 روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

عدالت نے ملزمان کو کل انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *