[ad_1]
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دو صوبوں میں الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے نے پاکستان کے سیاسی نظام میں مستقل بحران کی بنیاد رکھ دی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت میں (ن) لیگ کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب اور کے پی میں پی ٹی آئی ہار جائے گی تو کیا وہ وفاق کو الزام نہیں دے گی؟
انہوں نے کہا کہ اگر دونوں صوبوں میں ہماری حکومتیں ہوں گی تو اگلے الیکشن کون مانے گا؟ دو صوبوں کے الیکشن موجودہ مردم شماری پر اور باقی دو صوبوں اور ملک کے الیکشن نئی مردم شماری پر کیسے ہوں گے؟
احسن اقبال نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ جو شخص ہمیں رول آف لاء کا درس دیتا تھا اب رول آف لاء سے بھاگتا پھرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بستر مرگ پر موجود اپنی بیوی کی عیادت کے لیے تین دن کی رخصت نہیں مل سکی، میں خود گولی لگنے کے چوتھے دن نیب میں پیش ہوا اور گرفتار کر لیا گیا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان کو چند مخصوص ججوں کی عدالت سے ریلیف ملتا ہے، اب یہ تاثر گہرا ہو گیا ہے کہ عمران کے لیے اور قانون ہے، (ن) لیگ کے لیے اور قانون ہے۔
[ad_2]