عمران خان، فائل فوٹو

چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین فاسٹ باؤلنگ اٹیک ہے۔

عمران خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستان کی ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد قوم کے لیے ایک خصوصی پیغام شیئر کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ’مجھے اس چیز کا علم ہے کہ ابھی قوم ایک صدمے سے گزر رہی ہے کیونکہ ہم سب ہی امید لگا کر بیٹھے تھے کہ انشااللّٰہ اس بار ہم ورلڈکپ ضرور جیتیں گے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’ میں اس صورتحال میں دو تین باتیں کہنا چاہوں گا، پہلی تو یہ کہ ہار جیت کھیل میں ہوتی ہے‘۔ 

اُنہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’دوسری بات یہ کہ جیسے میں اپنی ٹیم کو کہتا تھا کہ آخری گیند تک لڑو، پوری کوشش کرو لیکن جب میچ کا نتیجہ آجاتا ہے اور انسان نے پوری کوشش کی ہوتی ہے تو پھر وہ اللّٰہ کی مرضی ہے اور میری اپنی بھی ہمیشہ سے یہی سوچ تھی‘۔

عمران خان نے کہا کہ ’ٹیم نے آخری گیند تک کوشش کی مگر کچھ چیزیں انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتیں، جیسے شاہین آفریدی انجرڈ ہو گئے اور بدقسمتی سے اس وقت ہوئے جب وہ ٹیم کے لیے بہت اہم تھے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’اگر شاہین آفریدی انجرڈ نہ ہوتے تو میچ بہت مختلف ہوسکتا تھا لیکن خیر جس طرح ٹیم فائنل میں پہنچی ساری قوم کو ٹیم کو مبارکباد دینی چاہیئے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ تیسری بات یہ کہ میں آج خاص طور پر یہ کہنا چاہتا ہوں، آج میں نے بہت عرصے کے بعد کرکٹ میچ دیکھا اور میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین فاسٹ بولنگ اٹیک ہے‘۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *