[ad_1]
جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان ہوتا کون ہے ہمیں ڈائریکشن دینے والا؟، نئے آرمی چیف کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا، نئے آرمی چیف کا تقرر وزیراعظم کا اختیار ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سازش نہیں ہوئی اس کو لانے کے لیے سازش ہوئی، عمران خان کو یہودیوں، بھارتیوں نے فنڈنگ کی۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ عدم اعتماد اور اسمبلی کے اندر تبدیلی لانے سے اختلاف رکھتے تھے، عدم اعتماد میں پی ٹی آئی کے لوگوں کا ووٹ نہیں لیا، پورے ملک میں لوگ عمران خان کی کارکردگی سے مایوس تھے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا، آڈیو لیکس میں عمران خان کہہ رہا ہے کہ خط کو استعمال کرنا ہے، عمران خان ڈرامے کر رہا ہے وہ کھل کر بے نقاب ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمائشوں سے نہیں کمٹمنٹ سے حکومتیں چلتی ہیں، عمران خان نے جو بائیڈن کے مقابلے میں ٹرمپ کو سپورٹ کیا تھا، بائیڈن کا عمران خان سے نہ ملنا اس کا رد عمل تھا جس پر اس کی ناراضی فطری بات ہے۔
[ad_2]