[ad_1]
سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد کا ڈرائیور کراچی کے علاقے صدر میں تیزاب کے حملے میں شدید جھلس گیا۔ تیزاب گردی کے واقعے میں دو بچوں سمیت تین افراد معمولی زخمی ہوئے۔
پریڈی پولیس کے مطابق واقعہ ایم اے جناح روڈ سے صدر ایمپریس مارکیٹ کی طرف آتے ہوئے پیش آیا۔
پولیس کے مطابق 40 سالہ خرم احمد صدر میں ایم اے جناح روڈ سے ایمپریس مارکیٹ کی طرف آ رہا تھا کہ رینبو سینٹر کے قریب اچانک اس پر کسی نے تیزاب پھینک دیا۔
واقعے کے بعد ٹریفک پولیس اہلکار نے اسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا۔
پولیس اہلکار بلاول کے مطابق وہ ایمپریس مارکیٹ کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھا کہ ایک موٹر سائیکل سوار شخص اپنے بچوں کے ساتھ اس کے پاس رکا اور بتایا کہ اسے ہاتھ پاؤں پر جلن محسوس ہو رہی ہے، جبکہ مذکورہ افراد کے کپڑے بھی معمولی جلے ہوئے تھے۔
اس کا کہنا تھا کہ اس دوران اس نے عقب میں دیکھا کہ ایک اور شخص بھی جھلسہ ہوا تھا اور اس کے قریب کافی لوگ جمع تھے۔
پریڈی تھانے کے ایس ایچ او سجاد خان کے مطابق خرم احمد آصف کالونی منگھوپیر روڈ کا رہائشی ہے جو سندھ سیکریٹریٹ کے پروٹوکول ڈپارٹمنٹ میں 14 سال سے ملازم ہے اور سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے ڈیفنس میں بنگلہ پر بحیثیت ڈرائیور نوکری کرتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ خرم احمد کے گھر سے ڈیوٹی پر جاتے ہوئے رینبو سینٹر کے قریب دوپہر 12 بجے چلتی موٹرسائیکل پر پیش آیا۔
سجاد احمد کے مطابق صدر میں رینبو سینٹر کے آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پریڈی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
[ad_2]