وزیر اعظم شہباز شریف نے چرچ ہاؤس لندن میں تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ملکہ کے انتقال سے متعلق چرچ ہاؤس لندن میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ چارلس سوئم سے بکنگھم پیلس میں ملاقات کرکے ملکہ الزبتھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دولت مشترکہ ممالک کے شہریوں کے لیے تحریک اور طاقت کا سرچشمہ تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی ملکہ کے دو دوروں کے ساتھ خوب صورت یادیں وابستہ ہیں، شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان محبت کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیر اعظم نے شاہ چارلس کو تخت نشینی پر مبارک باد بھی دی اور کہا کہ امید ہے شاہ چارلس دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی والدہ کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام شاہ چارلس کی جلد آمد اور استقبال کے منتظر ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی اور مدد پر شاہ چارلس کا شکریہ بھی ادا کیا، انہوں نے شاہ چارلس کی اہلیہ کوئین کونسورٹ کامیلا پارکر سے ملاقات بھی کی۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *