فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی جانب سے تیسرا طلبی کا نوٹس ملنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔

عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مقدمے  میں جے آئی ٹی کی جانب سے آج تیسرا نوٹس بھیجا گیا تھا، عمران خان کو آج شام 6 بجے تھانہ مارگلہ میں بلایا گیا تھا۔

جے آئی ٹی نے عمران خان کو اس سے قبل 9 اور 10 ستمبر کو بھی طلب کیا تھا۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر الزامات کا جواب دیں، آپ نے انسداد دہشت گردی عدالت سے 12 ستمبر تک عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، عبوری ضمانت حاصل کرنے کے مجاز عدالت کے حکم کے باوجود آپ شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ نہ ہی آپ نے وقوعہ کے بارے میں اپنا مؤقف پیش کیا ہے، آپ کو 9 اور 10 ستمبر کو بھی جے آئی ٹی نے مقدمے کی تفتیش کے لیے طلب کیا تھا۔

عمران خان کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی آپ کی آمد کی منتظر رہی جبکہ آپ شامل تفتیش نہیں ہوئے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *