وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے خط کے تنازع پر وضاحتی بیان جاری کردیا۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ میں نے آئی ایم ایف کو خط نہیں بھیجا، یہ بات مفتاح اسماعیل خود بھی جانتے ہیں۔

وزیر خزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اگر مفتاح ثابت کریں کہ خط میں نے آئی ایم ایف کو بھیجا ہے تو مستعفی ہوجاؤں گا۔

شوکت ترین، تیمور جھگڑا آڈیو سامنے آگئی

سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت ترین کی خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا سے گفتگو کی آڈیو بھی سامنے آگئی۔

شوکت ترین نے تیمور جھگڑا سے سوال کیا کہ آپ نے خط بنا لیا؟

تیمور جھگڑا نے جواب دیا کہ ابھی بناتا ہوں میرے پاس پرانا خط ہے، راستے میں ہوں ابھی بنا کر آپ کو بھیجتا ہوں۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ خط میں سب سے بڑا اور پہلا پوائنٹ ہوگا جو سیلاب آیا اس نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کردیا ہے، پہلا پوائنٹ ہو کہ ہمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے بہت پیسہ چاہیے، میں نے محسن لغاری کو بھی کہہ دیا ہے۔

تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ویسے یہ بلیک میلنگ کا حربہ ہے پیسے تو کسی نے ویسے ہی نہیں چھوڑنے، میں نے تو پیسے نہیں چھوڑنے، پتا نہیں لغاری کو چھوڑنے ہیں یا نہیں۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آج یہ خط لکھ کر اور جو آئی ایم ایف والی ہے اس کو کاپی بھیج دیں گے، تاکہ پتا تو چلے ان کو کہ یہ ہمارے سے پیسے رکھوا رہے تھے ہم وہ پیسے لے لیں گے۔

تیمور جھگڑا نے جواب دیا کہ ٹھیک ہے، میں وہ بنا کر اور میں آئی ایم ایف کےنمبرٹو کو جانتا ہوں ،میں آئی ایم ایف کا جو نمبر ٹو یہاں پر ہے اس سے تو میں ویسے ہی ساری معلومات لیتا رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے محسن نے بھی فون کیا تھا اس سے بھی میری بات ہوئی ہے، خان صاحب اور محمود خان نے مجھے کہا ہے ہمیں اکٹھے پریس کانفرنس کرنی چاہیے۔

شوکت ترین نے جواب دیا کہ وہ پریس کانفرنس نہیں ہونی وہ یہ تھا کہ یہ ہم کرلیں گے، اس کے بعد ہم پیر کو سیمینار کریں گے، اس پر پریس کانفرنس کرنی ہے تو وہ بھی ہم کرسکتے ہیں۔

کے پی کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے شوکت ترین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ چلیں پہلے خط بھیجتے ہیں، ٹھیک ہے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *