[ad_1]

سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل بارشوں کے باعث گھر گرنے سے کئی افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

حیدرآباد، میرپورخاص اور نوابشاہ سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ خیرپور، دادو، کنڈیارو، بدین اور مٹیاری سمیت مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال ہے، گھر گرنے سے لوگوں کا لاکھوں روپے کا سامان برباد ہوگیا ہے۔

خیرپور میں نو دن سے جاری بارشوں سے شہر اور نواحی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، چار فٹ تک پانی جمع ہونے سے چار سو سے زائد مکانات گرگئے ہیں۔

صوبے میں سیلاب کی وجہ سے اب تک ہزاروں افراد گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ میرپورخاص کی مختلف تحصیلوں سے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصل تباہ ہوگئی ہے جبکہ لوگ روڈ کناروں پر بے یارو مددگار زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

دادو کی تحصیل جوہی، خیرپور ناتھن شاہ اور میہڑ میں بھی بارش نے تباہی مچا رکھی ہے، 60 سے زائد دیہات میں سیلابی صورتِ حال ہے۔

دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث ببرلو سے سگیوں تک چھ سو سے زائد دیہات کو سیلاب کا خطرہ ہے، نواب شاہ میں تاجروں نے نکاسی آب نہ ہونے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب سندھ میں تیز بارشوں کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں آج اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *