[ad_1]

اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی عمران خان کی پوری معاونت کر رہے ہیں، وہ عمران خان کے عشق میں مبتلا ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت چاہتی ہے شہباز گِل کے حوالے سے بدلا لیا جائے، یہ چاہتے ہیں آٹھ دس لوگوں کو اندر کر کے تاوان وصول کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی صاحب کی سرکار مقدمے پر مقدمہ بنا رہی ہے، ان کی حکومت اس پورے کھیل میں سہولت کار ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پرسوں مجھے کہا گیا کہ مجھ پر ٹونٹی چوری کا مقدمہ کر رہے ہیں، پتہ چلا میں سرکاری رہائش گاہ سے دو ٹونٹیاں چوری کر کے لے گیا ہوں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ بلکل ٹھیک کر رہے ہیں ان کے بزرگوں پر بھینس چوری کا مقدمہ تھا، ایک مقدمے پر ضمانت کرواتے ہیں تو دوسرا پرچہ کرا دیتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ایسے گرفتاری نہیں دیں گے جرم بتایا جائے، پرویز الہٰی یہ نہ بھولیں کہ آپ اور آپ کے صاحبزادے پر ایف آئی اے کا ایک کیس ہے، آپ پر ایف آئی اے کا ایک پرچہ بھی ہے، وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی وزیر اعلانات ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی صاحب اتنے پرچے کریں جتنے برداشت کر سکیں، ہم شامل تشویش ہوں گے اور لاہور جا کر ان مقدمات کا سامنا بھی کریں گے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کا کیس ہائی کورٹ کا نہیں بنتا، ان کو ضمانت کے کیس میں بھی ڈیوٹی مجسٹریٹ زیبا چوہدری کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی سرکار چند دنوں کی مہمان ہے، سرکاری اہلکاروں کو ڈرانے اور دھمکانے کی عادت ختم کریں، خاتون جج کے خلاف بیان پر عمران نیازی آپ کو شرم آنی چاہیے۔

عطا تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان آج بھی وزیر اعظم کی سیکیورٹی لے رہے ہیں اور اسی پولیس کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *