—فائل فوٹو

کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہو گئی، جہاں 15 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

اس حلقے میں موجود کُل 263 پولنگ اسٹیشنز میں سے 201 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا چکے ہیں۔

این اے 245 میں پولیس کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز بھی تعینات ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔

حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کے حق میں دست بردار ہو چکے ہیں۔

اس حلقے میں ڈاکٹر فاروق ستار آزاد امیدوار کے طور پر مقابلے میں موجود ہیں۔

تحریکِ لبیک کے محمد احمد رضا، پاک سر زمین پارٹی کے سید حفیظ الدین اور مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد بھی امیدوار ہیں۔

پی ای سی ایچ ایس، طارق روڈ، پی آئی بی کالونی، لائنز ایریا اور دیگر علاقوں کے لوگ آج اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *