اسکرین گریب

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے سابق سی آئی اے اہلکار کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا، آپ کو امریکا میں اشتہار دینے کی کیا ضرورت ہے؟

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا کہ آپ وہاں پاکستان کے ساتھ کون سی سازش کرنے جارہے ہیں؟ تحریک انصاف اپنے جھوٹ پر عوام سے معافی مانگے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اگر لانگ مارچ کرنا ہے تو آئے میدان میں، آپ امریکا کو گالی گلوچ کرتے ہیں لیکن دوسری طرف ان سے معاہدہ کیا۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پرامن جلسے سے کوئی نہیں روکتا، خون خرابے کی دھمکی نہ دیں، بلاول بھٹو نے کراچی سے اسلام آباد تک پرامن عوامی مارچ کیا ، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں ایک گملا نہیں ٹوٹا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومتی وسائل اپنی سیاست بچانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، تحریک انصاف امریکی فرم ہائر کرنے کا جواب کیوں نہیں دیتی، مہنگائی میں ہوشربا اضافہ پی ٹی آئی کے دور میں شروع ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری صاحب نے 12 سال جیل میں گزارے لیکن سمجھوتا نہیں کیا، فریال تالپور کو بکتر بند میں جیل لے جایا گیا۔

پیپلز پارٹی کی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بدترین سیلابی صورتحال ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں پر کوئی بات نہیں کر رہا، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن چل رہا ہے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published.