پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی گرفتاری کو غلط قرار دیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پولیس نے ڈرائیور کے گھر چھاپہ  مار کر خاتون کو غلط گرفتار کیا، مجھے توقع ہے رانا ثناء اللّٰہ خاتون کی گرفتاری کا نوٹس لیں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر مزاحمت ہوئی بھی ہے تو خاتون کی ضمانت پر معاملہ ختم کرنا چاہیے، یہ تاثر غلط ہے کہ ہماری حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے، قانون کو کاغذ سمجھیں گے تو قانون کو حرکت میں آنا پڑتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہمیں نہ عمران خان کا سرٹیفکیٹ چاہیے نہ کسی کی ضرورت ہے، حکومت مدت پوری کرے گی، اس کے بعد الیکشن میں جائیں گے، تحریک انصاف نے پارلیمان میں بیٹھنے کے بجائے راہ فرار اختیار کی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں بغیر ثبوت کے گرفتار کیا گیا تھا، آئین توڑنے اور فوج میں نفاق ڈالنے کی کوشش پر کارروائی کرنا پڑے گی، ہماری جیت کسی کی نا اہلی پر منحصر نہیں ہے، کسی کی نا اہلی کے حق میں نہیں ہوں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کیا الیکشن سے ملک کے معاملات بہتر ہو جائیں گے؟ آج ضرورت ملک میں استحکام کی ہے، 4 سال کی غفلت اور کوتاہی چار ماہ میں دور نہیں ہوتی۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *