—فائل فوٹو

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں آج مطلع جزوی ابر آلود ہے، جبکہ موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 25 اعشاریہ 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں شمال مغرب کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 82فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوبۂ خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں موسم گرم اور خشک ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور میں کم سے کم درجۂ حرارت 26 ڈگری سینٹی جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پشاور میں ہوا میں موجود نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔

کوئٹہ میں مطلع صاف ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف شمال مشرقی اور وسطی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ژوب، بارکھان، زیارت، آواران، کوہلو، لورالائی، قلات، پنجگور، کیچ، خضدار اور لسبیلہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں صبح کے وقت مطلع صاف ہے جبکہ موسم خشک اور معتدل ہے۔

آج کوئٹہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کم سے کم درجۂ حرارت زیارت میں 12، قلات میں 20، خضدار میں 22، لورالائی اور بارکھان میں 24، چمن میں 25 اور پنجگور میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم ژوب، بارکھان، زیارت، آواران، کوہلو، لورالائی، قلات، پنجگور، کیچ، خضدار اور لسبیلہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بارکھان، لسبیلہ، آواران، کوہلو، لورالائی، خضدار اور قلات میں چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published.