وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اگر پی ٹی آئی کے حق میں ہے تو پھر چیخ کیوں رہے ہیں؟

وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آج عمران خان بے نقاب ہوا ہے، یہ بندہ حلف نامے جھوٹے دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایک پلان کے تحت لانچ کیا گیا، اس پوری پارٹی کے لوگوں کے ہاتھ دوسروں کی جیبوں میں ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ شیخ رشید کہہ رہے ہیں کہ فیصلہ عمران خا ن کے حق میں آیا ہے، پوچھنا تھا کہ اگر یہ بات ہے تو پھر چیخ کیوں رہے ہیں؟

اُن کا کہنا تھاکہ نواز شریف کو 10 ہزار روپے نہ لینے پر نااہل قرار دیا گیا، ہمارا موقف ہے کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ جب تک عدالتی فیصلے حق میں آئیں تو اچھی، خلاف آئیں تو غلط ہیں، پاکستان میں معاشرے کی اخلاقیات کو تباہ کردیا گیا، یہاں تو کئی مقصود چپراسی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اور اسرائیلی بھی فنڈز دینے میں شامل ہیں، یہ بات جو سامنے آئی ہے، اس کے مضمرات آنے والے دنوں میں سامنے آئیں گے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا کیس ثابت ہوا، پاکستان کے آئینی ادارے نے فیصلہ دیا، اخلاقیات کی تمام تر بنیادیں عمران خان نے تباہ کردی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات پر کوئی سوالیہ نشان نہیں آیا، چیف الیکشن کمشنر مقرر ہوئے تو عمران خان نے شان میں قصیدے کہے، چیف الیکشن کمشنر کا نام ان لوگوں نے دیا۔



Leave a Reply

Your email address will not be published.