۳سے۵ افراد ہوں تو نماز جمعہ ہو جائے گی: جامعہ نعیمیہ 

دارالافتاء جامعہ نعیمیہ لاہور نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ کورونا وائرس متعدی و مہلک بیماری ہے، اختلاط سے مرض پھیلنے اور جان جانے کا اندیشہ ہے، 3 سے 5 افراد بھی ہوں تو نمازِ جمعہ ادا ہو جائے گی۔
ناظمِ اعلیٰ جامعہ نعیمیہ لاہور علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اور مفتی عمران حنفی کا اپنے فتوے میں کہنا ہے کہ جن افراد کو حکومتِ وقت مسجد میں آنے سے روکتی ہے، وہ شرعی معذور ہیں۔
انہوں نے فتوے میں مزید کہا کہ 3 سے 5 افراد بھی ہوں تو نمازِ جمعہ ادا ہو جائے گی، باقی لوگ گھروں میں تنہا، تنہا نمازِ ظہر ادا کریں۔
دارالافتاء جامعہ نعیمیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے سماجی دوری اختیار کرنا مجبوری ہے، اس لیے لوگوں کو اکٹھا نہیں ہونا چاہیے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہراشرفی کا کہنا ہے کہ لوگ جمعۃ المبارک کے حوالے سے حکومت کی ہدایات پر عمل کریں اور تصادم ہر گز نہ کریں۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ آئمہ مساجد سے باہم مشاورت سے معاملات حل کریں اور لوگ تصادم ہر گز نہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *