[ad_1]
نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے 3 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اس ملاقات کے حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے وفد نے شہری علاقوں کے مسائل پر بات چیت کی۔
اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز، منشیات اور بے امنی کے خلاف پولیس کو واضح احکامات دیے ہیں، پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں امید ہے اچھے نتائج آئیں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کا اصل کام الیکشن کمیشن کو انتخابات کرانے میں مدد فراہم کرنا ہے، سندھ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے کہا کہ آپ کی ساکھ بہت اچھی ہے اور آپ پر ہمیں پورا اعتماد ہے، 15 سال سے شہری علاقوں میں بہت سے مسائل رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ نگراں سیٹ اپ عوام کو ریلیف فراہم کرے گا، نگراں حکومت کی اہم ذمے داری ہے کہ شفاف الیکشن کے لیے فضا سازگار بنائے۔
[ad_2]