[ad_1]
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی جو درمیان میں گیم کرتے ہیں وہ عجیب ہوتی ہے، قانونی ماہرین کی رائے ہے کہ صدر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ تاریخ کا اعلان کریں۔
لاہور میں فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کی میٹنگ ہے، سی ای سی کا اجلاس گزشتہ اجلاس کا تسلسل ہے، الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد کی صورتحال کا میٹنگ میں جائزہ لیا جائے گا۔
شازیہ مری نے کہا کہ الیکشن سے متعلق کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، صدر مملکت کا جو خط آیا ہے، اس کا بھی جائزہ لیا جائے گا، پیپلز پارٹی کی سی ای سی کے فیصلوں سے متعلق کل آگاہ کریں گے، پہلے بھی کہا تھا اعلان کوئی بھی کرے ہمیں تو جلد از جلد الیکشن چاہیے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد الیکشن ہوں ملک غیر یقینی سے نکلے، پچھلی میٹنگ میں بھی کہا تھا الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہے، مسلم لیگ ن الزام تراشی کرتی رہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم کہہ رہے ہیں اگر حلقہ بندیاں ضروری ہیں تو بے شک کریں، پر امید ہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جلد از جلد الیکشن کروائے جائیں گے، پہلے بھی کہا کہ الیکشن کی طرف چلتے ہیں، پی ٹی آئی کا ضدی شخص نہیں مان رہا تھا، سب کو ایک پیج پر لے کر الیکشن کروائے جائیں تاکہ کسی کو اعتراض نہ ہو۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کمزور نہیں، نظریہ کمزور نہیں ہوتا ہمیں دیوار سے لگایا جاتا ہے، میرے حلقے میں بچیوں کے لیے اسکول بن رہا تھا کام روک دیا گیا، نگراں حکومت گزشتہ حکومت کے فیصلے ختم کیسے کر سکتی ہے؟ ملک میں پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانی کس نے دی ہے؟ ہم نے لاشیں اٹھائیں۔
پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ لطیف کھوسہ اور اعتزاز احسن کو اجلاس میں آنے کی دعوت دی گئی تھی، یہ لوگ اسلام آباد میں مصروفیت کے باعث نہیں آ سکے، لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس دیا گیا ہے، وہ ابھی پارٹی میں ہیں، وہ جب شوکاز نوٹس کا جواب دیں گے اس کے بعد دیکھیں گے۔
فیصل کنڈی نے کہا کہ چاروں صوبوں میں نگراں حکومت ہے سندھ میں ترقیاتی کاموں پر پابندی لگائی گئی، سندھ میں ترقیاتی کاموں پر پابندی اور دیگر صوبوں میں کام چل رہے ہیں، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ ہو رہی ہے۔
[ad_2]