[ad_1]
کراچی میں سی ویو روڈ پر گاڑی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، پولیس نے واقعے کو خودکشی قرار دے دیا۔
ڈیفنس کے علاقے سی ویو میں درخشاں پولیس چوکی کے قریب کار کے اندر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ شخص کی ہلاکت گولی لگنے سے ہوئی ہے، لاش کے پاس سے پستول بھی ملی ہے۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ عمر اقبال ولد مسرت اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق عمر نے خودکشی سے قبل بہنوئی کو لوکیشن بھیجی، بہنوئی نے عمر کے بھائی کو بتایا جو دی گئی لوکیشن پر پولیس کے ساتھ پہنچا، گاڑی کے شیشے توڑ کر عمر کی لاش کو نکالا گیا۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق سی ویو کے قریب گاڑی سے ملنے والی لاش کے ساتھ ایک خط بھی ملا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ خط کے مطابق متوفی نے منگل کی دوپہر 3 بک کر 43 منٹ پر خط لکھا۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ خط کے مطابق متوفی نے اپنی مرضی سے خودکشی کی ہے اور اس کا کسی کو ذمے دار نہیں ٹھہرایا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ خط میں لکھا ہے کہ متوفی اپنے حالات اور زندگی سے بہت تنگ ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
[ad_2]