[ad_1]
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میئر اور سلمان عبداللّٰہ نے ڈپٹی میئر کراچی کا حلف اٹھا لیا، الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے حلف لیا۔
کراچی کے پولو گراؤنڈ میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت صوبائی وزراء اور مشیر بھی تقریب میں موجود تھے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خدمت کے منشور کو آگے لے کر جائیں گے، عوام دوست منشور کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے اور کراچی میں حقیقی مثبت تبدیلی لائیں گے۔
اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ میں مرتضیٰ وہاب کی میئر کراچی کی حیثیت سے تقرری کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا گیا، جس میں استدعا کی گئی کہ مرتضیٰ وہاب کی میئر کی تقرری کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب کے انتخاب کے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
درخواست میں سندھ حکومت،الیکشن کمیشن اور مرتضیٰ وہاب کو فریق بنایا گیا ہے اور استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی منگل 20 جون کو سماعت کی جائے۔
[ad_2]