[ad_1]
وزیر اعظم شہباز شریف نے شرم الشیخ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ میں شرکت کے موقع پر کئی اعلیٰ سطح کی تقریبات میں شرکت کی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے دورے میں دوطرفہ ملاقاتیں کیں اور بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے ناروے کے ہم منصب کیساتھ موسمیاتی تبدیلی پر گول میز مباحثے کی مشترکہ صدارت کی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کی میزبانی میں “مڈل ایسٹ گرین انیشییٹو سمٹ” میں بھی شرکت کی۔ جبکہ انہوں نے ماحولیاتی خطرات کے خلاف گلوبل شیلڈ کے موضوع پر تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کی مشترکہ میزبانی جرمنی کے چانسلر اور گھانا کے صدر نے کی۔ وزیر اعظم نے پاکستان کا قومی نقطہ نظر مضبوطی کے ساتھ پیش کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حکومت کے بحالی اور تعمیرنو کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
اس حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے ٹھوس نتائج اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے جرات مندانہ فیصلے کیے جائیں۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے ‘لاس اینڈ ڈیمیج’ سے نمٹنے کے لیے وقف فنانسنگ کی سہولت کے قیام پر زور دیا۔ جبکہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے دورے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کی۔ ا علامیہ کے مطابق پاکستان کے موسمیاتی اقدامات کے لیے قائم “پاکستان پویلین” میں مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ کیا۔
[ad_2]