[ad_1]
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کا اختیار وزیراعظم کا ہے، پاکستان کے تمام ادارے خودمختار ہیں، جمہوری حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔
واشنگٹن میں امریکی ادارے ’فارن پالیسی‘ کے ایڈیٹر ان چیف سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے ہمیں امداد کی آفر نہیں کی اور نہ ہم بھارت سے امداد چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں بڑی تباہی ہوئی، متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، عالمی برادری مصیبت کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے معیشت کی بحالی کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں، امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، مستقبل میں امریکا کے ساتھ تعلقات کو نئی سمت میں لے جانا چاہیں گے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، پاکستان پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان میں جنگ سے ہمسایہ ملکوں کا نقصان ہوا، ہم پر امن افغانستان چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کیسی بھی ہو آمریت سے بہتر ہے، ہم جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں، غیر جمہوری اقدامات کی حمایت نہیں کریں گے۔
[ad_2]