[ad_1]
سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے کے ہاتھوں قتل ہونے والی مقتولہ سارہ انعام کے والدین کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے والد انجینئر انعام الرحمان اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے، سارہ انعام کی ڈیڈ باڈی ان کے والدین کے حوالے کی جائے گی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی نماز جنازہ 28 ستمبر کی دوپہر اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جمعہ 23 ستمبر کو اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز نے نہایت سفاکی سے اپنی اہلیہ سارہ کو ڈمبل کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔
ملزم شاہ نواز کو پولیس نے جائے واردات سے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔
ملزم کی والدہ ثمینہ شاہ اور والد ایاز امیر کو مقتولہ سارہ کے چچا اور چچی نے بطور ملزم نامزد کیا تھا، جس کے بعد ایاز امیر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
مقتولہ سارہ اپنے قتل سے ایک روز قبل دبئی سے پاکستان پہنچی تھی، رات کو ہی شاہ نواز کی مقتولہ سارہ سے تکرار شروع ہوئی تھی۔
ایاز امیر کی سابقہ اہلیہ فارم ہاؤس پر بیٹے کے ساتھ مقیم تھیں، مقتولہ سارہ دبئی میں ملازمت کرتی تھی، سارہ نے اپنے قتل سے ایک روز قبل پاکستان پہنچ کر گاڑی بھی خریدی تھی۔
مقتولہ سارہ انعام کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہ نواز سے رابطہ ہوا، پھر 3 ماہ قبل دونوں نے شادی کر لی۔
[ad_2]