[ad_1]
متاثرینِ بلوچستان کے لیے سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے امدادی سامان فراہم کر دیا گیا۔
اسلام آباد میں سعودی سفیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر کے بارش سے متاثرین افراد کی امداد کے لیے سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان فراہم کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگلے 20 دن میں ایک ایک فشر مین کے نقصان کا ازالہ کریں گے، گوادر میں بارشوں سے بہت بڑی تباہی ہوئی ہے، یہاں کبھی اتنی بارش نہیں ہوئی جتنی اس بار ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ خادمِ حرمین شریفین اور سعودی حکومت کا امداد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، گوادر کے لوگ سیلابی بارشوں سے متاثر ہوئے، ہم نے ایک ہفتے میں لوگوں کو ریلیف دینا شروع کردیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، بلوچستان کی نئی حکومت تمام چیلنجز سے نمٹے گی۔
گوادر کے بارش متاثرین کیلئے 875 ٹن امدادی سامان روانہ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سعودیہ ریلیف کے تعاون سے بارش متاثرین کے لیے امداد گوادر روانہ کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سامان روانہ کیا۔
875 ٹن امدادی سامان بذریعہ کنٹینرز اسلام آباد سے گوادر کے لیے روانہ کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ امدادی سامان میں 9 ہزار شیلٹر کیمپس اور 9 ہزار راشن بیگز شامل ہیں، گوادر اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے یہ سعودی عرب کا تحفہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات آئندہ بھی مزید مضبوط ہوں گے۔
[ad_2]