[ad_1]
سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے لیے بنائی گئی الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی کا آخری اجلاس آج ہو گا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی اپنی تحقیقاتی رپورٹ آج الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی، تحقیقاتی کمیٹی سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے گی۔
راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کے بیانات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں، تحقیقاتی کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 ڈی آر اوز کے تحریری بیانات قلم بند کیے ہیں۔
راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کے 13 اور صوبائی اسمبلی کے 26 ریٹرننگ افسران کے بیانات بھی قلم بند کیے گئے ہیں۔
سابق کمشنر راولپنڈی کی دھاندلی سے متعلق الزامات کی پریس کانفرنس کے ٹرانسکرپٹ کو بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 17 فروری کو سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہو گئے تھے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا تھا کہ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں ناانصافی کی ہے، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملنی چاہیے، باقی جو بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بھی سزا ملنی چاہیے۔
[ad_2]