[ad_1]
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام اور سیاسی شمولیت یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ مالیاتی شمولیت عوام کی سیاسی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، کروڑوں نوجوان ووٹرز کی جانب سے جمہوری نظام پر اعتماد کا اظہار قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نظام پر نوجوانوں کا اعتماد متزلزل ہوا تو یہ ملکی مفاد میں نہیں ہوگا، افسوس ہے کہ قابل افراد کو سیاست سے نکالا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں سست فیصلہ سازی اور قیادت کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کو ترقیاتی عمل سے باہر کرنے سے ملک پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوشحالی کےلیے اچھی قیادت اور بروقت فیصلہ سازی کی ضرورت ہے، اوورسیز کو انٹرنیٹ ووٹنگ کا حق دینے کے لیے ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جا سکتا تھا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے انتخابی عمل میں بہتری لائی جاسکتی تھی، افسوس ذاتی مفادات کی وجہ سے آئی ووٹنگ اور ووٹنگ مشین متعارف نہیں کرائی جا سکی۔
ایوان صدر سے جاری وضاحت میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
[ad_2]