[ad_1]
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صرف وعدہ نہیں منشور میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا طریقہ بتایا ہے، پہلےسال میں مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پر لائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پارٹی منشور سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی خدشات سے بچائیں گے آلودگی سے پاک کریں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عوام سے کیا ہر وعدہ نبھایا، لوڈشیڈنگ ختم کی گئی، اس جماعت کے لیےفیصلہ کرنا ہے جس کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جس وقت لوگ دھرنے دے رہےتھے اس وقت نواز شریف بجلی بنا رہا تھا، نوازشریف کے دور میں سی پیک کے منصوبے بن رہے تھے، خوشحالی آ رہی تھی، نوجوان کو روزگار مل رہا تھا، کسان خوشحال تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام نے 8 فروری کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنا ہے، آپ نے پاکستان کے مستقبل، ترقی اور خوشحالی کا فیصلہ کرنا ہے، مہنگی بجلی اور مہنگی گیس کے خاتمے کا فیصلہ کرنا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مری میں کیے جانے والے گزشتہ جلسے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ برفباری میں اپنے قائد نواز شریف کو دیکھنے آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے چور چور کہنے والوں کو بے نقاب کر دیا، گالی گلوچ کی سیاست نے عوام کو نقصان پہنچایا۔
[ad_2]