[ad_1]
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللّٰہ بابر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک کروڑ خواتین کا شناختی کارڈ ہی نہیں بنا ہوا۔
اسلام آباد میں پلڈاٹ رپورٹ لانچنگ سے خطاب کرتے ہوئے فرحت اللّٰہ بابر نے کہا کہ ملک کے تمام طبقات کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ ہونی چاہیے، نوجوان سوشل میڈیا پر ایکٹو لیکن الیکشن میں حصہ کم لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا نوجوان سمجھتا ہے انتخابات ہمارے مسائل کا حل نہیں ؟ پلڈاٹ کو خواتین اور نوجوانوں کی انتخابات میں عدم شرکت پر تحقیق کرنی چاہیے۔
فرحت اللّٰہ بابر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نوجوان ووٹرز کی تعداد ساڑھے 5 کروڑ ہے، پاکستان میں طلبا یونین کو بحال کرنا چاہیے، سیاسی جماعتیں 18 سے 35 سال کے نوجوانوں کے لیے سیٹیں مختص کریں۔
میڈیا کے ذریعے ووٹر رجسٹریشن کی آگاہی فراہم کی گئی: نگہت صدیقی
ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن نگہت صدیقی نے پلڈاٹ رپورٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں ووٹرز کو رجسٹر کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے اقدامات کیے، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر دیہی علاقوں میں فری شناختی کارڈ کی رجسٹریشن کرائی گئی۔
نگہت صدیقی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 2 ہزار سے زائد ایونٹس کے ذریعے لوگوں کو آگاہی فراہم کی، میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ووٹر رجسٹریشن کی آگاہی فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال دیہی علاقوں سے 1500 خواتین کو بلا کر ووٹ ڈالنے کی مشق کرائی جاتی ہے، موبائل وینز کے ذریعے خواتین کو بلا کر ووٹر کی رجسٹریشن کی گئی، وزارت تعلیم سے کہا گیا 18 سال سے زائد بچوں کے لیے داخلے کی شرط شناختی کارڈ کا لازمی ہونا رکھا جائے۔
ووٹ نہ ڈالنے کی بڑی وجہ شناختی کارڈ کا نہ ہونا ہے: بلال گیلانی
ایگزیکٹو ڈائریکٹر گیلپ پاکستان بلال گیلانی نے پلڈاٹ رپورٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ نہ ڈالنے کی بڑی وجہ لوگوں کے پاس شناختی کارڈ کا نہ ہونا ہے، 18 سال سے زائد 20 فیصد عورتوں، 10 فیصد سے زائد مردوں کے پاس شناختی کارڈ نہیں۔
بلال گیلانی کا کہنا ہے کہ بہت سے ممالک میں ووٹ ڈالنے کے لیے شناختی کارڈ کی شرط نہیں ہے، ہمیں دیکھنا چاہیے شناختی کارڈ کے بجائے ایسا کونسا متبادل ڈاکیومنٹ ہونا چاہیے، لوگوں کا عام تاثر یہ بھی ہوتا ہے کہ الیکشن بیکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو انتخابی عمل میں شامل کرنا ہے تو ملک میں بڑھتی مایوسی کو ختم کرنا ہو گا، لوکل باڈیز الیکشنز کا انعقاد ہونا چاہیے تاکہ نوجوان انتخابی عمل میں دلچسپی لیں، دنیا بھر میں ڈیجیٹل الیکشن بھی کرائے جاتے ہیں، پوسٹل بیلٹ کو فروغ دینے سے بھی ووٹنگ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
[ad_2]