[ad_1]
پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جاتی امراء میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔
محمد نواز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے خاص طور پر مختلف امریکی رہنماﺅں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو مانتے ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قائدانہ کردار دے کر اپنا بھرپور اعتماد کریں گے۔
دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا گیا۔
انہوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اور ان کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکا اور پاکستان دوطرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔
امریکی سفیر اور محمد نواز شریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔
محمد نواز شریف نے اسرائیلی بلا امتیاز بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی بے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔
انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
امریکی سفیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کے ساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوشگوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
[ad_2]