[ad_1]

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسموگ کی وجہ سے پنجاب حکومت نے مخصوص اضلاع میں جمعے کے دن چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ 9 نومبر کو پہلے ہی پورے پاکستان میں چھٹی کا اعلان ہوچکا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کہنا تھا کہ جمعہ 10 نومبر کو لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور ننکانہ میں چھٹی دے رہے ہیں۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار مذکورہ اضلاع میں تمام اسکول، دفاتر اور پارکس بند رہیں گے اور دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس وقت لاہور دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اسموگ سے متعلق ہماری آج طویل میٹنگ ہوئی ہے، بچوں کو آنکھوں اور سانس کی شکایات رپورٹ ہو رہی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں جو فصل کی باقیات جلائی جا رہی ہیں وہ ہم سے چار گنا زیادہ ہے۔ بالکل بارڈر پر ہونے کے باعث باقیات جلانے کا سارا اثر ہم پر ہو رہا ہے۔ بھارت کو خود بھی باقیات جلانے سے آلودگی کا انتظام کرنا چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ مارکیٹیں ہفتے کو بند ہوں گی۔ 10 نومبر کو پنجاب میں دفاتر اور اسکولوں کی چھٹی ہوگی جسے آج نوٹیفائی کردیا جائے گا۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو شادی گھر کھلے رہیں گے جبکہ پارک بند رہیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ بیکریاں اور فارمیسیز کھلی رہیں گی، ٹیک اوے ریسٹورنٹ کھلے رہیں گے اور پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مقصد یہ ہے کہ اسموگ کو نیچے لے آئیں۔ ختم کرنا ممکن نہیں۔ بارش زیادہ ہوتی ہے تو اس سے بھی اسموگ پر فرق پڑے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دلی میں بھی اسکول بند کیے گئے، سخت فیصلے انہیں بھی کرنے پڑے، ہم ان شہروں کو بھی مانیٹر کر رہے ہیں جہاں سخت اسموگ ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اگر آپ ان تین چار دنوں میں لاہور میں رہنا چاہتے ہیں تو گھروں میں رہیں۔ عوام ماسک ضرور پہنچیں، بچوں اور بزرگوں کو ماسک ضرور پہنائیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیکٹریاں بند نہیں کر رہے، اگر عام مزدور کا چولہا چار دن بند کریں گے تو مسئلہ ہوگا۔ ہم ایک چھٹی کا اعلان کر رہے ہیں اور بہت سوچ سمجھ کر رہے ہیں۔ 

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جمعہ کو اسکولوں میں ویسے ہی آدھا دن ہوتا ہے، ہفتے کو مارکیٹیں بند ہوں گی۔ تاجر جمعہ کو مناسب سمجھیں گے تو بند کر دیں۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ لوگوں سے اپیل ہے چار دن اپنے گھروں میں رہیں۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *