[ad_1]
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن سے متعلق پی ٹی آئی کے بیان کو بےبنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے دیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی یاد رکھے 2022 کے ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری مثالی تھی۔ ان الیکشنز میں الیکشن کمیشن نے انتخابی شفافیت کا ثبوت اپنے عمل سے پیش کیا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ ضمنی انتخابات کی شفافیت کو ہر سطح پر سراہا گیا۔
ترجمان نے کہا پی ٹی آئی یاد رکھے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر نہ ان کے دور میں دباؤ میں آیا، نہ ابھی اور آئندہ آئے گا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت ذمہ داریاں بغیر کسی دباؤ اور بلا خوف و خطر سرانجام دیتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم سے عام انتخابات کی تاریخ مقرر ہوگئی تو ایسا بیان ماحول خراب کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
ترجمان نے کہا الیکشن کمیشن جیسے آئینی ادارے کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا۔ بہتر ہے پارٹی الزامات لگانے کی بجائے اپنی توجہ عام انتخابات کی تیاری پر مرکوز کرے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ کمیشن آئندہ انتخابات آئین اور قانون کے تحت منصفانہ اور شفاف کروانے کو یقینی بنائے گا۔
[ad_2]