[ad_1]
قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی فراہمی کو مدِ نظر رکھ کر پروازیں چلائی جا رہی ہیں، یہ کہنا کہ پی آئی اے کی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں درست نہیں ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں سے اپنا معمول کا آپریشن معطل کر رکھا ہے، یومیہ بنیاد پر پروازیں شیڈول کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی مقدار میں دستیابی کو مدِ نظر رکھ کر پروازیں چلائی جا رہی ہیں، وہ پروازیں آپریٹ کر رہے ہیں جن کے لیے ایندھن کی فراہمی یقینی ہوتی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ کہنا کہ پی آئی اے کی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں درست نہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ایس او کو پروازوں کے ایندھن کے لیے پی آئی اے پیشگی ادائیگی کرتا ہے، پی آئی اے انتظامیہ اپنے ذرائع سے کچھ فنڈز کے حصول کے لیے کوشاں ہے، فنڈز دستیاب ہوتے ہی پی آئی اے معمول کی پروازیں چلانا شروع کر دے گی۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے بین الاقوامی آپریشن بحال رکھنے کے لیے منصوبہ بندی کی ہے، بین الاقوامی آپریشن میں کینیڈا، ترکی، چین، ملائیشیا، سعودی عرب کے آپریشن کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق اندرونِ ملک آپریشن متاثر ضرور ہے مگر بحالی کی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے، مسافروں کو مطلوبہ پروازوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
[ad_2]