[ad_1]
آرٹس کونسل پاکستان اور ترک کلچرل سینٹر کی جانب سے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب میں پاکستان میں ترکیہ کے پہلے سفیر یحییٰ کمال کی یادگاری تصاویر نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔
نمائش کا افتتاح ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو اور نگراں وزیرِ قانون عمر سومرو نے کیا۔
تصویری نمائش میں قائدِ اعظم کے ترکی اور سفارتی تعلقات سے متعلق خطوط و پیغامات بھی آویزاں کیے گئے۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ترکیہ کے ساتھ قدیمی تعلقات ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم ترکیہ اور پاکستان کا 75 سالہ دوستی کا جشن منا رہے ہیں، آج کی نمائش یحییٰ کمال کی ہے، وہ پاکستان میں پہلے ترک سفیر تھے اور ہم آج ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے آرٹس کونسل میں منعقدہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، آج کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ آج کے دن ہم اپنے پہلے سفیر کے پورٹریٹس کی نمائش کر رہے ہیں، وہ ترکی کے معروف شاعر اور ادیب بھی تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاک ترک تعلقات صرف 75 سال نہیں بلکہ صدیوں پرانے ہیں، ہمارے آبا و اجداد کے پاکستان سے گہرے مراسم تھے، ہم دو ملک ضرور ہیں مگر ہمارے نظریے کی بنیاد ایک ہے، ہم رہن،سہن اور ثقافت میں ایک جیسے ہیں۔
نگراں وزیرِ قانون عمر سومرو نے نمائش میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تصویری نمائش پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی مظہر ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور تاریخ کے طالب علم میری معلومات میں گراں قدر اضافہ ہوا ہے، پاکستان کے عوام کا ترکیہ سے ناصرف مذہب بلکہ احترام اور محبت کا رشتہ ہے، میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے آج اس تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔
[ad_2]