[ad_1]
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان افغان مہاجرین کے خلاف نہیں بلکہ غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین سمیت تمام غیر قانونی رہائش پزیر باشندوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں، لاکھوں مہاجرین کی کھلے دل سے برسوں میزبانی کی، افغان عبوری حکومت کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔
پاکستان کو بھارتی ویزے نہ ملنے کے معاملے پر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ عالمی کپ میں پاکستانیوں کو ویزوں کے اجراء کے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں، بطور میزبان بھارت پاکستانی شائقین کے عالمی کپ دیکھنے میں رکاوٹیں نہ ڈالے۔
ان کا کہنا ہے کہ اُمید کرتے ہیں پاکستانیوں کو عالمی کپ کرکٹ دیکھنے کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے، بھارت سیاست کو کھیلوں کے ساتھ مکس نہ کرے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ میزبان ملک ہماری کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی عالمی کپ میں تحفظ فراہم کرے۔
[ad_2]