[ad_1]
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم اور کاروباری برادری کو مبارک باد پیش کی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری محنت اور درست پالیسیوں سے معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے معاشی ترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، الحمد لِلّٰہ ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شدید مایوسیوں کے بعد امید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے، قوم کو مبارک ہو۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے، پاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہو گئے ہیں، پُر خلوص محنت، دیانت داری اور سچائی ثمر لا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے تعمیر، ترقی اور عوام کی خوش حالی کے وژن پر ایک بار پھر عمل پیرا ہیں، 2013ء سے 2018ء کے درمیان پاکستان کو توانائی کے بحران اور دہشت گردی سے نجات دلائی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا ہے کہ ایک بار پھر اسی جذبے سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر لا رہے ہیں، قومی ترقی اور معاشی استحکام کا سفر اسی سمت اور اسی جذبے و محنت سے جاری رکھنا ہو گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کا آغاز کیا، معیشت بحال کی تھی، مہنگائی 4 فیصد اور کھانے پینے کی اشیاء کی شرح 2 فیصد پر لائے تھے، ترقی کی شرح 6.1 فیصد اور پالیسی ریٹ ساڑھے 6 فیصد پر تھا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ اب دوبارہ ترقی کے اسی سفر کی طرف لوٹ رہے ہیں، اب زراعت، آئی ٹی اور صنعت سمیت دیگر تمام شعبوں میں ترقی کا سفر تیز ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور معاشی خود مختاری سے ہم کنار کریں گے۔
[ad_2]