[ad_1]
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے کراچی کی ترقی میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔
کراچی میں ملیر ایکسپریس وے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 39 کلومیٹر کا پروجیکٹ ملیر ایکسپریس وے 27 ارب روپے میں مکمل کیا جائے گا، ملیر ایکسپریس وے کا جام صادق پُل تا قائدآباد کا پہلا حصہ 38 فیصد مکمل ہو چکا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کا ایک حصہ دسمبر میں کھولنے کا پروگرام ہے، قائد آباد سے کاٹھوڑ تک دوسرے حصے کا کام 15 فیصد ہو چکا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پروجیکٹ پر 6 انٹر چینج، فلائی اوور اور 6 پُل تعمیر ہوں گے، ملیر ایکسپریس وے بننے سے شارعِ فیصل پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو گا اور اس کی تعمیر سے تقریباً 40 کلومیٹر فاصلہ کم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی تا ٹھٹھہ اور جامشورو کی طرف جانے والے ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہو گا۔
اس موقع پر وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن، نو منتخب میئر مرتضیٰ وہاب اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
’جو گاڑی روڈ کے پاس کچرا پھینکے اسے تھانے میں بند کریں‘
ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی روڈ کے ساتھ ملبہ پھینکنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ڈی سی اور ایس پی کورنگی کو آج رات سے ملبہ اٹھا کر روڈ صاف کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ کسی کو روڈ کے ساتھ ملبہ پھینکنے کی اجازت نہیں ہے، جو گاڑی روڈ کے پاس ملبہ یا کچرا پھینکے اس کو تھانے میں بند کر کے اس پر کیس کریں۔
[ad_2]