[ad_1]
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرم اور مرطوب حبس زدہ موسم مون سون کے لیے فائدہ مند ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں اِن دنوں سطحِ سمندر کا درجۂ حرارت زائد ہے، سطحِ سمندر کے زائد درجۂ حرارت کے باعث سمندری ہواؤں کےساتھ زائد نمی آ رہی ہے۔
جواد میمن نے بتایا ہے کہ گرم اور مرطوب حبس زدہ موسم مون سون کے لیے مفید ہے، گرمی کے باعث سیزنل لو پریشر ایریا بننے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ مون سون کے آغاز پر بھارت سے سسٹم گجرات اور راجستھان سے سندھ میں آتے ہیں، کم پریشر ایریا مون سون کی ہواؤں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں مون سون کا سائیکل ایسے ہی چلتا رہتا ہے، مون سون کا سسٹم قریب آئے گا تو نمی زائد ہونے سے سسٹم کو سپورٹ ملے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سے سسٹم کی شدت برقرار رہے گی یا پھر بڑھ بھی سکتی ہے، حبس مون سون کے سسٹم کے لیے فیول کا کام کرتا ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں چلنےوالی سمندری ہواؤں میں نمی زائد ہوتی ہے، جن کی وجہ سے شہرِ قائد حبس زدہ گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن کے بیشتر حصے میں ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد کے قریب رہتا ہے، نمی کے زائد تناسب کے باعث درجۂ حرارت زیادہ محسوس ہوتا ہے۔
سمندری ہواؤں کے باعث شہر کا درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ ہو رہا ہے، یہ درجۂ حرارت جون کے معمول کے اوسط درجۂ حرارت کے مطابق ہیں۔
موجودہ درجۂ حرارت 32.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی سمندری ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 52 فیصد ہے۔
[ad_2]