—فائل فوٹو

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو لاہورکی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

ڈرامائی انداز میں گرفتار ہوئے تحریکِ انصاف کے صدر پرویز الہٰی کو لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا گیا۔

پیشی سے قبل چوہدری پرویز الہٰی نے کمرۂ عدالت میں بیٹے راسخ الہٰی سے ملاقات کی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بے گناہ ہوں، پاک فوج کا حامی ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ تگڑے رہیں، انہوں نے گھبرانا نہیں ہے۔

پرویز الہٰی نے ’جیو نیوز‘ سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا تھا، مجھ پر یہ ظلم محسن نقوی کرا رہے ہیں، پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ یہ برا کر رہے ہیں اور بُرا ہی بھگتیں گے۔

فرار کی کوشش کرتے پرویز الہٰی کو گرفتار کیا گیا

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کو گزشتہ روز اینٹی کرپشن کی ٹیم نے گرفتار کیا تھا۔

گزشتہ روز پرویز الہٰی بلٹ پروف گاڑی میں چھپ کر گھر سے نکلےتو پہلے سے فیلڈنگ لگائی لاہور پولیس اور اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ان کی گاڑی روک لی۔

پرویز الہٰی گاڑی سے نہ اترے تو ان کی گاڑی کے شیشے توڑے گئے اور زبردستی انہیں باہر نکالا گیا۔

پرویز الہٰی کے ڈرائیور نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ پرویز الہٰی گلگت بلتستان فرار ہو رہے تھے۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو گزشتہ روز فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا، وہ کرپشن کے مختلف کیسز میں اینٹی کرپشن کو مطلوب تھے۔

اینٹی کرپشن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پرویز الہٰی کی ضمانت چند دن قبل اینٹی کرپشن عدالت نےمنسوخ کر دی تھی۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی نے ضمانت کے لیے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا تھا۔

اینٹی کرپشن کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ محکمۂ اینٹی کرپشن کئی روز سے پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ والد کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

پرویز الہٰی کے خلاف گوجرانوالہ میں اینٹی کرپشن کے 2 مقدمے درج ہیں۔

 ٹھیکوں میں کمیشن اور کک بیکس لینے کے الزام پر ان کے خلاف ایک پرچہ لاہور میں بھی کٹا ہوا ہے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *