وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک—فائل فوٹو

وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ اگلے 15 سے 20 روز میں پاکستان میں روسی تیل ہو گا۔

وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان تنازعات کو تھمنا ہو گا، رکنا ہو گا، ایسے تو کریانہ کی دکان نہیں چلتی، آپ ملک کیسے چلا سکتے ہیں؟

ان کا کہنا ہے کہ گیس پر 1700 ارب روپے کا گردشی قرضہ تھا، ہم نے اس گردشی قرضے کو صفر کر دیا، ایل این جی پر بھی گردشی قرضے کو صفر کر دیں گے۔

مصدق ملک نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار 2 روسی وزیر 86 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئے، روس سے رعایتی قیمت پر تیل مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں، حالات کو بہتر کرنے کے لیے مشکل فیصلے کیے جا رہے ہیں، آگے بڑھنے کے لیے ہمیں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو پروموٹ کرنا ہے۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ بجٹ میں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو سہولتیں دینے پر غور کر رہے ہیں، ہم نے تاپی گیس منصوبے سے سستی گیس لانی ہے، اس پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آٹو موٹو پالیسی کو بنائے کئی سال ہو چکے، آج تک ہم ایک انڈیکیٹر کا کور نہیں ایکسپورٹ کر سکے، میرے خیال میں ہماری آٹو موٹو پالیسی بہتر نہیں۔

وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ڈلوا دیے، یہ 190 ملین پاؤنڈز پاکستان کے اکاؤنٹ میں آنے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ آئین سے ماورا اور قانون سے بالا تر کچھ نہیں ہونا چاہیے، 9 مئی کی ویڈیو کے ذریعے لوگوں کو شناخت کر کے پکڑا جا رہا ہے، نادرا سے تصدیق کے بعد لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *