[ad_1]

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پیشی کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے۔

جوڈیشل کمپلیکس اور نیب دفتر کی سیکیورٹی سخت

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی پیشی کے موقع پر اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس اور راولپنڈی میں نیب کے دفتر کی سیکیورٹی سخت کی گئی ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، متصل سڑکوں کو سِیل کر دیا گیا ہے۔

غیر متعلقہ افراد پر جوڈیشل کمپلیکس کی طرف جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

پولیس کی چیکنگ کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کی طرف صرف متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

پولیس کے علاوہ رینجرز کی نفری اور کاؤنٹر ٹیررسٹ اسکواڈ بھی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر تعینات کیا گیا ہے۔

نیب دفتر پر بکتر بند اور قیدیوں کی وین پہنچا دی گئیں

ادھر سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی نیب راولپنڈی دفتر میں پیشی کے سلسلے میں راولپنڈی میں نیب دفتر کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

راولپنڈی کے علاقے میلوڈی میں واقع نیب کے دفتر سے ملحقہ راستوں کو پولیس نے سِیل کر دیا ہے۔

خار دار تار اور بلاکس لگا کر میلوڈی سے لال مسجد تک مرکزی شاہراہ، ملحقہ گلیاں اور سڑکیں بھی سِیل کر دی گئی ہیں۔

پولیس، رینجرز، ایف سی، ایلیٹ فورس اور لیڈیز پولیس نیب راولپنڈی کے دفتر کے باہر تعینات کی گئی ہیں۔

نیب دفتر کے مرکزی دروازے پر رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں۔

سیکیورٹی کے پیشِ نظر غیر متعلقہ افراد کا نیب دفتر کے اطراف داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

نیب دفتر کے باہر بکتر بند اور قیدیوں کی وین بھی پہنچا دی گئیں۔

عمران، بشریٰ بی بی 10 بجے اسلام آباد پہنچیں گے

دوسر ی جانب چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ قافلے کی صورت اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی 10 بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی پہلے جوڈیشل کمپلیکس پہنچیں گے۔

عمران خان انسدادِ دہشت گردی کی عدالت سے 7 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست کریں گے۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے احتساب عدالت میں درخواستِ ضمانت دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس کے بعد القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی نیب راولپنڈی آفس جائیں گے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں شاملِ تفتیش ہونے کے لیے نیب کے دفتر جائیں گے۔

عمران خان کے ہمراہ لیگل ٹیم میں سلمان صفدر، خواجہ حارث، انتظار پنجوتھا، گوہر علی خان اور علی اعجاز بھی ہوں گے۔

بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کا آج آخری دن

نیشنل کرائم ایجنسی کے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کا آج آخری دن ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی آج (23 مئی) تک حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کو 23 مئی تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی آج ممکنہ طور پر اسلام آباد کی احتساب عدالت سے رجوع کر سکتی ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دیے جانے کا امکان ہے۔

عمران کو آج گرفتاری کا خدشہ

عمران خان نے آج پیشی کے موقع اپنی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد جا رہا ہوں، قانون تو ہے نہیں، یہ کسی بھی چیز پر مجھے گرفتار کر سکتے ہیں۔

عمران خان نے اپنی گرفتاری کی صورت میں کارکنوں کو ہنگامہ آرائی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں نے ہنگامہ کیا تو پی ڈی ایم کو بیانیہ ملے گا، جسے حکومت کریک ڈاؤن کے لیے استعمال کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہماری حمایت کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا، یہ لوگ جان بوجھ کر فضا بنا رہے ہیں کہ مجھے دوبارہ گرفتار کریں تو لوگ خوفزدہ ہوکر کھڑے نہ ہوں۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں پاکستان کی سپریم کورٹ بچائے گی۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *