کراچی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر یار محمد بلیدی کو ڈائریکٹر اسکول کراچی (سیکنڈری) مقرر کریا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ 

ان کی تقرری ڈائریکٹر اسکول کراچی (سیکنڈری) فرناز ریاض کی جگہ کی گئی ہے جو دو ماہ بعد 12 جولائی کو ریٹائر ہوجائیں گی۔

محکمہ ایجوکیشن کی تاریخ میں کسی کو دو ماہ قبل ہی ڈائریکٹر اسکول بنانے کا نوٹیفکیشن پہلی بار جاری کیا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ یار محمد بلیدی کو خود چند ہفتے قبل محکمہ ایجوکیشن نے اساتذہ کی بھرتیوں کےلیے آئی بی اے سکھر ٹیسٹ میں مبینہ طور پر رشوت وصول کرنے کے الزام میں خط لکھا تھا جس میں ان سے بھرتیوں کی تمام تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ 

یاد رہے کہ 19 گریڈ سے 20 گریڈ میں ترقی پانے والے ڈی او ایسٹ (سیکنڈری) یار محمد بلیدی کا تبادلہ رواں سال 14 مارچ کو ہوا تھا اور ان کی جگہ گریڈ 19 کی افسر شاہانہ پروین کو لگایا گیا تھا جس کا نوٹیفکیشن چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے جاری کیا تھا جبکہ یار محمد بلیدی کا تبادلہ کورنگی کے کمپری ہنسیو اسکول میں کیا گیا۔ تاہم یار محمد بلیدی نے چارج چھوڑنے سے انکار کر دیا کیونکہ وہ ڈائریکٹر سیکنڈری بننے کے خواہشمند تھے۔

جنگ نے یار محمد بلیدی سے مؤقف معلوم کرنے کےلیے ان سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *