[ad_1]
پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے شفاف انتخابات کو جمہوریت کے پھلنے پھولنے کیلئے اہم جزو قرار دیا۔
ڈاکٹر رینا کیونکا کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اس ملاقات کی تفصیلات کے مطابق پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے اچھا اور بروقت تبادلہ خیال ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے انتخابات کے شفاف ہونے کی اہمیت پر اتفاق کیا، جو انسانی حقوق اور اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیارات کے مطابق، جمہوریت کے پھلنے پھولنے کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید تحریر کیا کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کے مطابق ہونے والے انتخابات جمہوریت کی قدر کرنے والے تمام ممالک اور اداروں کے لیے اہم ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے روایتی انداز میں اپنے میزبان کے ساتھ سیلفی بنائی اور اسے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا حصہ بنایا۔
قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے یورپی سفیر کو شیلڈ بھی پیش کی۔
[ad_2]