کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں لیاری ایکسپریس وے پر پتنگ کی ڈور نے 9 سالہ بچے کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد بندھانی کالونی میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 9 سالہ شاہ فیض جاں بحق ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ فیض کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ بچے کے اہل خانہ بغیر قانونی کارروائی کے لاش لے گئے۔
ادھر اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ شاہ فیض کٹی پتنگ لوٹنے کی کوشش میں لیاری ایکسپریس وے پر چلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بچے کے ہاتھ میں پتنگ آتے ہی اس کے ساتھ موجود ڈور تیز رفتار گاڑی میں الجھ گئی جس کی وجہ سے ڈور نے گلے میں لپٹ کر اسکے گلے کو کاٹ دیا۔
متوفی بچے کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔