[ad_1]
پی ٹی آئی کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے وکلاء کے توسط سے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو خط لکھ دیا۔
بشریٰ بی بی کے خط میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر پر زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ ہے، پہلے بھی عدالتی حکم کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا۔
خط میں بشریٰ بی بی نے ممکنہ آپریشن روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمان پارک میں آپریشن ہوا تو اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے اس ضمن میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست خارج کیے جانے اور وکیل پر جرمانہ کرنے کے بعد وزیرِ اعظم اور نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو خط لکھا ہے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست جرمانے کیساتھ خارج کی
گزشتہ روز زمان پارک میں عید کی تعطیلات کے دوران زمان پارک میں ممکنہ آپریشن روکنے کے لیے بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو لاہور ہائی کورٹ نے 1 لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ خارج کر دیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وکیل اظہر صدیق کو 1 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا تھا۔
درخواست میں وزارتِ داخلہ، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا تھا ۔
عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہو گا، پہلے بھی عمران خان کی غیرموجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا تھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دیا جائے۔
[ad_2]