[ad_1]
خیبر پختون خوا میں انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر پی ٹی آئی نے اپنی درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
خیبر پختون خوا اسمبلی کے انتخابات کے لیے پی ٹی آئی رہنما اور اسپیکر خیبر پختون خوا اسمبلی مشتاق غنی نے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کر دی ہے۔
مشتاق غنی کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختون خوا نے انتخابات کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ دی ہے، گورنر نے پہلے 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا لیکن الیکشن کمیشن نے اسے نوٹیفائی نہیں کیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ گورنر کی جانب سے 8 اکتوبر کی تاریخ غیر قانونی و غیر آئینی ہے، سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا ہے اور الیکشن کمیشن اس پر عمل درآمد کا پابند ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گورنر کے پی کو فوری الیکشن کے لیے تاریخ دینے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن، وفاقی و صوبائی حکومتوں، گورنر کے پی اور صدرِ مملکت کو فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ہائی کورٹ سے داد رسی نہ ہونے کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی درخواست اعتراضات عائد کر کے واپس کر دی تھی۔
تحریکِ انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے کچھ اعتراضات کے ساتھ درخواست واپس کر دی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتخابات میں تاخیر سے ملک سنگین بحران کا شکار ہے، ملک میں مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔
[ad_2]